پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں بلے بازوں کیلئے سازگار وکٹیں بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ شائقین کو اس بار چھکوں اور چوکوں کی برسات دیکھنے کو ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے کرکٹرز پی ایس ایل کے باؤلنگ معیار کے قائل ہیں مگر شائقین کرکٹ ٹی 20 کرکٹ میں چھکوں کی برسات دیکھنے کے خواہشمند ہوتے ہیں لیکن پاکستان میں ہونے والے ٹی 20 میچز میں باؤلرز اور بلے بازوں کے درمیان انتہائی متوازن میچز دیکھنے کو ملتے ہیں جس کے باعث زیادہ سکور بھی نہیں بن پاتے۔
گزشتہ ایڈیشن میں کھیلے گئے میچز پر نظر دوڑائی جائے تو اس بات کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ کراچی میں کھیلے گئے میچز میں صرف ایک بار ہی 200 سے زائد رنز بن سکے اور پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے دوران 7 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے جبکہ ابوظہبی میں کھیلے گئے میچز میں 3 مرتبہ 200 سے زائد رنز بنے اور پورے ایونٹ میں صرف 2 سنچریاں ہی بن سکی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پی ایس ایل کیلئے عملے کو خاص ہدایات دی گئی ہیں کہ رواں سال پی ایس ایل کیلئے ایسی پچز میسر ہوں جہاں بلے بازوں کو سٹروکس کھیلنے کا موقع تو مل ہی سکے گا مگر اس کیساتھ ہی اچھی لائن و لینتھ پر گیند کرنے والے باؤلرز کیلئے وکٹیں حاصل کرنے کا بھی بھرپور موقع میسر ہو گا۔