شہر کراچی میں ڈاکو راج کم نہیں ہوسکا، جمالی پل پر پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے پیٹرول پمپ کا کیشیئر زخمی ہوا، ملزمان فائرنگ کے بعد با آسانی فرار ہو گئے۔
واضح رہے کہ شہر میں چند روز سے ڈاکوؤں کا راج جاری ہے، گزشتہ روز آدھے گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں نے بچے سمیت 4 شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔
پہلی واردات صفورا غازی گوٹھ کے قریب کی گئی جس میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 45 سالہ سلطان نامی شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے۔
دوسری واردات سپر ہائی وے براق پمپ کے قریب کی گئی جہاں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 30 سالہ فیضان احمد نامی شہری کو زخمی کیا اور فرار ہوگئے۔
تیسری واردات بفر زون سیکٹر 15 اے 2 میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے حسینی شیر مال کے قریب شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے۔
زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 36 سالہ ساجد کے نام سے ہوئی۔
چوتھی واردات زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر 50 بی میں غوث پاک روڈ پر ہوئی جس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ بچہ کاشان ولد سلطان زخمی ہو گیا۔