ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسی نیشن مرکز میں محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایت پر بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔
ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر کے عملے کے مطابق بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے ایکسپو سینٹر کے اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے شام ساڑھے 7 بجے تک ہیں۔
بچوں کے والدین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول میں بچوں کی ویکسی نیشن نہیں کرا سکے اس لیے یہاں آئے ہیں، ایکسپو سینٹر میں بچوں کے لیے ویکسی نیشن کے اوقات کار بڑھانے چاہئیں۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایت پر 12 سے 18 سال تک کے طلبہ و طالبات کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 12 سے 18 سال تک کے بچوں کی کورونا وائرس کی ویکسی نیشن لازمی کروائی جائے۔
محکمہ تعلیم سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
صوبۂ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 90 ہزار 10 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 691 ہو گئیں۔