گورنر سندھ عمران اسماعیل نے محرم الحرام کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرّم الحَرام کا مہینہ ایثار، قربانی، اتحادِ امت، باہمی رواداری اور پرامن بقائے باہمی کا درس دیتا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مدینہ طیبہ سے میدان کربلا تک اسلام کے لیے عظیم قربانیوں کی تاریخ اسی ماہِ مبارک سے وابستہ ہے۔ یکم محرم الحرام کو خلیفہ دوم، مراد رسول ﷺ سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ کی شہادت کو یاد کیا جاتا ہے، اسلام کی ایک بنیاد عدل اجتماعی ہے اور اس کے لیے حضرت سیدنا فاروق اعظمؓ کا اسوہ قابل تقلید ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دس محرم الحرام کو نواسہ رسولﷺ سیدنا حضرت حسین ؓ کی اپنے قافلے اور خاندان نبوتﷺ کے افراد کے ساتھ شہادت کا واقعہ رہتی دنیا تک ناقابل فراموش ہے، سیدنا حسین ؓ کی شہادت کا پیغام یہ ہے کہ ذاتی جذبات و خواہشات اور مفادات کو کسی بھی عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربان کردیا جائے۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ اسی طرح رواداری ، بین المسالک ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور امت میں انتشار کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا جائے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اسلامی سال کے آغاز پر تمام مسلمانوں اور پاکستانی عوام کے لئیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی ہے کہ یہ ہجری سال ملک اور عوام کیلئے باعث رحمت و برکت اور اتحاد بین المسلمین کا مظہر ہو۔