قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ سابق کپتان شعیب ملک اور تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ سے متعلق جب بھی کوئی فیصلہ کیا جائے گا تو پہلےانہیں آگاہ کیا جائے گا۔
سابق کپتان شعیب ملک اور 41 سالہ محمد حفیظ دونوں مختصر فارمیٹ کھیلنے کے خواہشمند ہیں اور اس وقت انہوں نے ریٹائرمنٹ کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا ہے جبکہ چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ اگر دونوں کرکٹرز فٹ ہوئے تو اگلے ٹی20 ورلڈکپ میں ہماری نگاہوں میں ہوں گے۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ہماری ٹی 20 ٹیم بہتر ہے جب کہ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کو بہتر کرنا ہے، بیٹنگ اور فاسٹ بولنگ کا شعبہ اطمینان بخش ہے مگر اسپن ڈپارٹمنٹ پر کام کرنا ہے جس کے لیے ہمیں کوالٹی اسپنرز کی تلاش ہے.
محمد وسیم نے امید ظاہر کی کہ نئے سال میں بھی پاکستان ٹیم اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گی جب کہ اگلے ٹی 20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی کنڈیشن اور ضرورت کے مطابق فیصلہ کیے جائیں گے۔