بھارتی فضائیہ کا مگ 21طیارہ راجستھان میں جیسلمیر کے قریب گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ این ڈی ٹی وی کے مطابق جیسلمیر کے ایس پی اجے سنگھ نے بتایا ہے کہ طیارہ سام پولیس اسٹیشن کی حدود میں ڈیزرٹ نیشنل پارک کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ پائلٹ بھی موقع پر جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت ونگ کمانڈر ہرشیت سنہا کے نام سے ہوئی۔
فضائیہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات تقریبا ساڑھے آٹھ بجے مگ 21طیارہ جو کہ تربیتی پرواز پر تھا گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
بھارت میں رواں سال مگ 21 کے کئی حادثے رپورٹ ہوئے ہیں اور اس ہوائی جہاز کو ایک ’اڑتا ہوا تابوت‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ یہ جہاز بہت زیادہ حادثات کا شکار ہوتا ہے۔
حکومت نے مئی 2012 میں پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ 1971 سے اپریل 2012 تک، 482 مگ طیارے حادثات کا شکار ہوئے، جن میں 171 پائلٹ، 39 عام شہری، آٹھ سروس اہلکار اور ایک ہوائی عملہ ہلاک ہوا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے ’حادثات کی وجوہات انسانی غلطی اور تکنیکی خرابیاں بتائی گئی تھیں.