اقوام متحدہ نے افغان وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کیلئےتقریباً 60 لاکھ ڈالر دینے کی تجویز دی ہے، فنڈ یو این تنصیبات کی حفاظت پر مامور طالبان کی اجرتوں کیلئے دیا جائے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق فنڈ سے اقوام متحدہ کی تنصیبات پر مامور طالبان کا ماہانہ خوراک الاؤنس مقرر کیا جائے گا، یو این کا مجوزہ فنڈ افغان وزارت داخلہ کو اگلے سال ادا کیا جائے گا۔
دوسری جانب خبر پر ردعمل میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ بحیثیت آجر میزبان ریاستوں کی صلاحیت بڑھانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے، یو این افغان مشن کے بجٹ کا فی الحال جائزہ لیا جارہا ہے، مشن حکومتوں پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کی مکمل تعمیل کرتا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یو این نائب ترجمان نے طالبان کو مجوزہ فنڈ کے امریکی پابندیوں سے متصادم ہونے پر تبصرہ نہیں کیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک امریکی انسداد دہشت گردی پابندیوں میں نامزد ہیں، ان کی مدد کرنے والے غیرمجاز افراد امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے عہدیدار نے اقوام متحدہ کے مجوزہ فنڈ پر تبصرے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور طالبان نائب رہنما ملا عبدالغنی برادر امریکی پابندیوں میں شامل ہیں۔