محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بازار اور شاپنگ مال رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم مزارات بدستور بند رہیں گے اور ریسٹورنٹس میں انڈورڈائننگ کی پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔
ریسٹورنٹس میں ڈائننگ آؤٹ رات 10 بجےتک ہوگی،شادی بیاہ کی تقریبات کھلے مقامات پر ہوسکیں گی، شادی کی تقاریب میں 300 افراد شرکت کر سکیں گے۔
نئے حکم نامے میں کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے، انڈور جم میں صرف ویکسین لگوانے والےجاسکیں گے۔
ایس او پیز کے تحت بسوں میں 50 فیصد مسافر سفرکر سکیں گے، جمعہ اور اتوار کو کاروبار بند رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے حکم نامے کا اطلاق پیر 9 اگست سے ہوگا۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پیر 9 اگست سے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ 9 اگست سے سندھ میں لاک ڈاؤن ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیےکے مطابق کراچی اور حیدر آباد سمیت 13 شہریوں میں کورونا ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے،این سی او سی کے مطابق سندھ میں اسکول دوبارہ کھولنے اور امتحانات سے متعلق فیصلہ آئندہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہوگا۔