پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروباری سرگرمیوں میں مندی کا رجحان رہا جس کی وجہ سے ہنڈریڈ انڈیکس میں 162 پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھی گئی۔
منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوا تو کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 44 ہزار 339 پوائنٹس پر موجود تھا۔
دن کے آغاز پر مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، ایک وقت میں ہنڈریڈ انڈیکس بڑھ کر 44 ہزار 594 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا، تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں مندی چھاگئی، کاروباری سرگرمیوں کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 162 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 44 ہزار 177 پوائنٹس پر بند ہوا۔
منگل کے روز 355 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے 174 کے بھاؤ میں کمی اور 149 کے بھاؤ میں اضافہ دیکھا گیا، 32 کمپنیوں کے شیئر کی قیمت مستحکم رہی۔
منگل کے روز 9 کروڑ 84 لاکھ 60 ہزار سے زائد شیئر کا لین دین ہوا جس کا کل حجم 6 ارب 28 کروڑ 97 لاکھ سے زائد تھا۔
کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس پر مندی کے اثرات دیگر اینڈیکسز پر بھی پڑے، کے ایس ای 30 انڈیکس میں 100، کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 620 اور آل شیئرز انڈیکس میں 58 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے۔