سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران 15 ہزار سے زائد تارکین وطن گرفتار

ریاض: سعودی عرب میں 9 سے دسمبر سے 15 دسمبر کے دوران 15 ہزار سے زائد تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن سے پاک وطن مہم کے تحت گزشتہ ہفتے 9 دسمبر سے 15 دسمبر کے دوران 15 ہزار 88 تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے تارکین وطن میں 7 ہزار 508 تارکین وطن کو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، 5 ہزار 730 تارکین وطن کو سرحدی قوانین کی خلاف ورزی اور 1850 تارکین وطن کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے جبکہ گرفتار شدگان میں 16 افراد کو غیر قانونی تارکین کو پناہ دینے اور انہیں سہولت فراہم کرنے پر بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 454 افراد کو سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان افراد میں 34 فیصد افراد کا تعلق یمن، 59 فیصد کا ایتھوپیا اور 7 فیصد کا تعلق دیگر ممالک سے ہے۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار شدگان میں 21 افراد ایسے بھی ہیں جو غیر قانونی طور پر سعودی عرب سے بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں