پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 9 رنز سے شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 173رنز کا ہدف دے دیا۔
173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، محمد رضوان 38 اور افتخار احمد 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان ٹیم کا آغاز دوسرے میچ میں بھی اچھا نہ رہا اور کپتان بابر اعظم7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 38 رنز پرگری جب فخر زمان 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا تو رضوان 38 رنز بناکرکیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ حیدر علی بھی 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 111 رنز پرگری جب محمد نواز صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ آصف علی بھی کوئی خاطر خواہ اسکور نہ بناسکے اور 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے علاوہ آخری اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز تک پہنچایا۔
محمد افتخار 19 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب 12 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈین اسمتھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عقیل حسین،اوشن تھومس ،روماریو اور والش نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مگر وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی حاصل نہ کرواسکے۔
اس کے علاوہ روماریو شیفرڈ 35 اور کپتان پورن 26 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جبکہ حارث رؤف ، محمد نواز اور محمد وسیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو 9 رنز سے شکست دیکر 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی ہفتے کو کھیلا جائے گا۔