پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف دیدیا

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں حیدر علی اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

ویسٹ انڈین کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے بولر عقیل حسین نے صفر پر تجربہ کار بابر اعظم کو صفر پر آؤٹ کردیا۔

ایسے میں فخر زمان محمد رضوان کا ساتھ نبھانے کے لیے آئے لیکن وہ 10 رنز بنا کر 35 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم پھر محمد رضوان اور حیدر علی نے تیز رفتاری سے رنز بنانا شروع کیے اور ویسٹ انڈیز کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

دونوں نے 105 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنائی جس کا اختتام 78 رنز بنانے والے محمد رضوان کی وکٹ پر ہوا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ٹاس کے موقع پر ویسٹ انڈین کپتان نکولس پوران کا کہنا تھا کہ ہم کنڈیشن دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں کچھ نوجوان کھلاڑی بھی ہیں، ہم آج کچھ اسپیشل کر سکتے ہیں۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ دکھنے میں اچھی دکھائی دے رہی ہے، ہم رنز کر سکتے ہیں اور حریف ٹیم پر پریشر ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں