اسلام آباد۔8اگست : گاڑیوں کی فروخت میں گذشتہ مالی سال کے دوران 90 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹاپ لائن سیکورٹیز کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران گاڑیوں کی فروخت دو لاکھ 38 ہزار یونٹس تک بڑھ گئی جو مالی سال 2020 کے مقابلہ میں 90 فیصد زیادہ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران انڈس موٹرز کی سیلز میں 102 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس دوران فروخت کا حجم 57 ہزار 236 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2020 میں کمپنی نے 28 ہزار 378 گاڑیاں فروخت کی تھیں۔ اس طرح مالی 2020 کے مقابلہ میں مالی سال 2021 میں انڈس موٹرز کمپنی کی سیلز میں 28 ہزار 858 یونٹس یعنی 102 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس طرح ہنڈا اٹلس کارز کی فروخت میں بھی گذشتہ مالی سال میں 79 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مالی سال 2020 کی 16 ہزار 390 یونٹس کی فروخت کے مقابلہ میں مالی سال 2021 کے دوران کمپنی کی فروخت 29 ہزار 291 یونٹس تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2021 کے دوران پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی سیلز بھی 34 فیصد اضافہ سے 65 ہزار 815 یونٹس کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال میں 88 ہزار 32 یونٹس تک بڑھ گئی۔