خیبرپختونخوا میں تاحال ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار566 ہوگئی ہے۔
اسکے علاوہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں مجموعی طور پر ڈینگی کے7 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 10 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 10 ہے۔
ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 40 کروڑ افراد کو ڈینگی انفیکشنز کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے 9 کروڑ 60 لاکھ افراد بیمار ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ابھی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے تو اپنے تحفظ کے لیے موسکیٹو ریپیلنٹس کا استعمال کرنا، گھر یا دفتر سے باہر ہو یا چار دیواری کے اندر، گھر سے آستینوں والی قمیض اور پیروں میں جرابیں پہننا ، گھر میں اے سی ہو تو اسے چلانا، کھڑکیاں اور دروازوں میں مچھروں کی آمد روکنا، اے سی نہیں تو مچھروں سے بچاؤ کے نیٹ استعمال کرنے سے ہی ڈینگی سے بچا جاسکتا ہے۔