گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دودھ، پیاز، لہسن اور دالوں سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بات وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتائی ہے۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح 18.58 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جس کے معنی یہ ہوئے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی 18 فیصد سے نیچے نہیں آسکی ہے۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دال مسور کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جب کہ دال ماش کی قیمت 7 روپے فی کلو بڑھ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دال مونگ کی قیمت 3 روپے فی کلو بڑھی ہے جب کہ پیاز، لہسن اور کھلے دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے فی کلو کمی آئی ہے جب کہ زندہ مرغی کی قیمت بھی 25 روپے فی کلو کم ہوئی ہے
ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ
20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔
ہفتہ وار جائزہ رپورٹ کے مطابق انڈوں کی قیمت میں 26 پیسے فی درجن اورآلو کی قیمت میں 4 روپے 48 پیسے فی کلو کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔