افغان طالبان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی ٹی) پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات پر توجہ دے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہماری تحریک کا حصہ نہیں تھی اور کالعدم ٹی ٹی پی پاکستانی حکومت کے ساتھ امن قائم کرنے پر توجہ دیں۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو میں کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کو اسلامی امارات افغانستان کا حصہ ہونے کا دعویٰ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم افغانستان میں طالبان کی حکومت نے اس کی تردید کی ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ وہ ایک تنظیم کے طور پر اسلامی امارات افغانستان کا حصہ نہیں اور ہمارے اہداف ایک جیسے نہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم کالعدم ٹی ٹی پی کو مشورہ دیں گے کہ وہ اپنے ملک میں امن اور استحکام پر توجہ دیں۔ یہ بہت اہم ہے تاکہ خطے اور پاکستان میں دشمنوں کی مداخلت کے کسی بھی امکان کو ختم کر سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اعلان کیا تھا کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی پر متفق ہوگئی ہے اور فریقین کے متفق ہونے پر اس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔ جس کے بعد جامع امن معاہدے کی راہ ہموار اور برسوں سے جاری خونریزی ختم ہوتی نظر آنے لگی تھی۔
افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے گذشتہ ماہ اعتراف کیا تھا کہ افغان طالبان پاکستانی حکومت اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔