وزیراعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کرنے آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔
گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کریں گے اور 25 دسمبر سے منصوبے کو کمرشل بنیادوں پر چلایا جائے گا۔
دوسری جانب گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان سے ایک روز پہلے ہی گرین لائن منصوبے کا افتتاح کر دیا تھا۔
اس موقع پر پولیس اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو ہاتھ پر ڈنڈا لگنے سے چوٹ بھی لگ گئی تھی۔
خیال رہے کہ گرین لائن بس منصوبے کا اعلان جولائی 2014 میں ن لیگ کی وفاقی حکومت نے کیا تھا اور 26 فروری 2016 کو اس 17.8 کلومیٹر طویل سرجانی سے گرومندر تک ٹریک کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔
دعویٰ تو یہ تھا کہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کر لیا جائے گا لیکن سابق وفاقی حکومت کا کیا ہوا وعدہ 5 سال 9 ماہ بعد اب سچ ہونے جا رہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کراچی کے پہلے بی آر ٹی منصوبے گرین لائن کا افتتاح کرنے کراچی پہنچ رہے ہیں۔