بی بی سی نے سال 2021 کے لیے دنیا بھر کی 100 بااثر اور متاثر کن خواتین کی فہرست جاری کردی۔ جن میں 3 پاکستانی خواتین بھی شامل ہیں۔
بی بی سی لگاتار 9 سال سے دنیا کی بااثر اور متاثرکن خواتین کی فہرست جاری کر رہا ہےاور اس سال ایسی 100 خواتین کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے جو مشکلات کے باوجود اپنے مقاصد پر ڈٹی رہیں اور اپنی زندگی پھر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
بی بی سی کے مطابق یہ وہ 100 خواتین ہیں جو ہمارے معاشرے، ہماری ثقافت اور ہماری دنیا کو نئے سرے سے شروع کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
سال 2021 میں بااثر خواتین کی اس فہرست میں دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی سمیت 3 پاکستانی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔ برمنگھم میں مقیم ملالہ کو خواتین کی تعلیم کے لیے کوششوں پر فہرست کا حصہ بنایا گیا۔
کابل میں منشیات کے سے نجات کے مرکز مدر کیمپ کی بانی لیلیٰ حیدری بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جو پاکستان میں پیدا ہوئیں مگر ان کا خاندان افغانستان سے تعلق رکھتا ہے۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والی ڈس ابیلٹی لیڈر عابیہ اکرم بھی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل ہیں، نیشنل فورم آف ویمن ود ڈس ایبلٹی کی بنیاد رکھنے والی عابیہ اقوام متحدہ کے معاہدہ برائے حقوقِ و نشوونمائے معذورین کے نفاذ کے لیے سرگرم ہیں۔
اس کے علاوہ فہرست میں ساموا کی پہلی خاتون وزیراعظم فیامے نومی مطافہ، ویکسین کانفیڈنس پروجیکٹ کی سربراہ پروفیسر ہیڈی جے لارسن اور نامور مصنفہ چیمامانڈا نگوزی ایڈیچی بھی شامل ہیں۔
فہرست کا نصف حصہ افغانستان سے تعلق رکھنے والی خواتین پر مشتمل ہے جن میں سے کچھ اپنے تحفظ کی وجہ سے فرضی ناموں اور تصاویر کے بغیر اس کا حصہ بنیں۔ اگست 2021 میں افغانستان میں طالبان کے سر اٹھانے کے بعد لاکھوں افغان شہریوں کی زندگیاں تبدیل ہوگئی ہیں جبکہ لڑکیوں کے سیکنڈری تعلیم حاصل کرنے پر پابندی لگائی گئی، خواتین کے امور کی وزارت کو خاتمہ کیا گیا اور مختلف معاملات میں خواتین سےکام پر واپس نہ جانے کے لیے کہا گیا۔
یہ فہرست ان افغان خواتین کی بہادری اور ان کی کامیابیوں کا اجاگر کرتی ہے جنہیں اب اپنی زندگیوں کو دوبارہ بدلنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
100 بااثر خواتین کی اس فہرست میں 47 کو افغانستان، 31 کو ثقافت و تعلیم، 15 کو فن و کھیل، 30 کو سیاست و ایکٹوزم اور 20 کو سائنس و صحت میں خدمات ادا کرنے پر منتخب کیا گیا ہے.