اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں قائم احساس رجسٹریشن ڈیسکوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے وہاں رجسٹریشن کیلئے آئی خواتین اور ڈیسکوں پر موجود احساس عملے سے بات چیت بھی کی۔ انہوں ایک مستحق خاتون کے اندراج کا تفصیلی جائزہ لیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگست کے مہینے میں احساس رجسٹریشن ڈیسک ملک بھر میں کھل جائیں گے۔وہ گھرانے جو کسی وجہ سے سروے میں شامل نہیں ہو سکے وہ رجسٹریشن ڈیسکوں سے رجوع کر کے خود کو احساس میں رجسٹر کروا سکیں گے۔ ملک میں احساس سروے فی الوقت 98.14فیصد مکمل ہے اور لاہور میں سروے ابھی زیرتکمیل ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نے گھوڑے شاہ کے تیزاب احاطہ میں احساس سروے کی جاری سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے ایک مقامی گھرانے کی احساس سروے رجسٹریشن کا معائنہ کیا اور علاقہ مکینوں سے احساس سروے کی افادیت اور طریقہ کار پر بات کی۔ بعدازاں ڈاکٹر ثانیہ نے مستحق گھرانوں کے بچوں کی احساس تعلیمی وظائف کیلئے رجسٹریشن کا جائزہ بھی لیا۔