اسلام آباد: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اورمتاثرہ خاندانوں اور حکومت پاکستان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سلامتی کونسل کی طرف سے دفتر خارجہ کو موصولہ بیان کے مطابق دہشت گردی کے واقعہ میں 9 چینی اور 3 پاکستانی باشندوں کے جاں بحق اور دیگر کے زخمی ہونے کی مذمت اور افسوس کا اظہارکرتے ہیں۔
سلامتی کونسل نے دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہارکیااور کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان ہر قسم کی دہشت گردی کو عالمی امن کے لئے خطرہ سمجھتے ہیں، دہشت گردی میں ملوث تمام مجرموں، سرپرستی اور مالی تعاون فراہم کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔
سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مجاز حکام اس ضمن میں پاکستان اور چین کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی مجرمانہ فعل ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔
بیان مین کہا گیا کہ دہشت گردی خواہ کسی بھی جذبے یا مقصد کی خاطر ہو، قبول نہیں، رکن ریاستیں اقوام متحدہ کے منشور، عالمی و انسانی ہمدردی کے قوانین کے مطابق دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔ سلامتی کونسل نے رکن ممالک پر زور دیا کہ عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ کا باعث کارروائیوں کے تدارک کے لئے تمام رکن ممالک کردار ادا کریں۔