چیئرمین نادرا طارق ملک کا نادرا دفاتر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کا سخت نوٹس

چیئرمین نادرا طارق ملک نے نادرا دفاتر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی اور حفاظتی تدابیر پر عمل نہ ہونے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری احتیاطی اقدامات لینے کے احکامات جاری کردیئے ۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ ملک بھر میں نادرا سینٹر کو فوری طور پر جراثیم کش سپرے کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین نادرا نے ا سٹاف اور عوام الناس کو ہر ممکن حفاظتی اقدامات کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سائلین کو نادرا دفتر آنے کیلئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا ضروری ہے۔تمام سینٹرز پر آنے والے افراد کو تھرموگن سے سکریننگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے ۔

نادرا دفاتر کے اندر اور باہر ایک میٹر کی سماجی دوری رکھنا لازمی ہے،تمام سائلین اور ان کے ساتھ تصدیق کنندہ کو ماسک کے بغیر نادرا دفاتر میں اندر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔،دفتر داخل ہونے سے پہلے ہاتھوں کو سینیٹائیزر کااستعمال لازمی کیا جائے۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ نادرا دفاتر کےاندر سماجی دوری کو برقرار رکھنے کیلئے قطار جداکار استعمال کو یقینی بنایا جائے، دفاتر میں ہر رجسٹریشن عمل کے بعد انگھوٹوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔

طارق ملک نے نادرادفاتر پر رش سےبچنے کی ہدایت دیتے ہوئے ، شہریوں کو کروناویکسی نیشن سرٹیفکیٹ گھر بیٹھےآن لائن حاصل کرنے یا قریبی نادرا کے ای سہولت مراکز سے بھی حاصل کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے فوری اجراء کےلئے نادرا نےبھرپور اقدامات کیے ہیں۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ملک بھر میں 688 نادرا دفاتر کے ساتھ ساتھ 5900 ای سہولت مراکز اور 250 موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں