ملتان میں 3 روزہ پولیو مہم کا آغاز 10 دسمبر سے ہوگا

ملتان میں 3 روزہ پولیو مہم کا آغاز 10 دسمبر سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق 5 سال سے کم عمر بچوں کو گھر گھر مہم کے دوران پولیو قطرے پلائے جائیں گے اور 3 روزہ اس مہم کے دوران 7 لاکھ 46 ہزار سے زائد بچوں کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں 2991 ٹیمیں کورونا ایس او پیز کے تحت قطرے پلائیں گی جبکہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ تمام ہسپتالوں، ڈسپنسری، بس و ویگن اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشن پر پولیو ٹیمیں موجود ہونگی۔

پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو ممالک ہیں جہاں پر ابھی بھی پولیو وائرس کی تلوار بچوں کے سروں پر منڈلا رہی ہے اور پولیو کیسز سامنے آرہے ہیں جس کی وجہ سے فوری طور پر پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو پولیو سے پاک کیا جاسکے۔

اعدادوشمار کے مطابق 2020ء کے اختتام تک 38 اضلاع سے84 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔۔کورونا وبا کے باوجود 2019 میں 147 کیسز کے مقابلے میں سال 2020 میں 43 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہمسایہ ملک افغانستان سے سال 2019 میں 29 کیسز کے مقابلے میں 2020 میں 56 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں-

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں، اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں، حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔

اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔

بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیںْ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں