کراچی :سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستانی ایتھلیٹ ندیم ارشد کیلئے گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔
سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے اپنے بیان میں فخر پاکستان ارشد ندیم کی ایتھلیٹکس کے ایونٹ جیویلین تھرو میں گراں قدر خدمات پر انہیں خالص سونے سے بنا گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا ہے، چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ارشد ندیم جس محنت، لگن اور جانفشانی سے اس کھیل میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں اور پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کررہے ہیں، فتح کیلئے انکے جوش اور ولولے کو سرسید یونیورسٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ٹوکیو اولمپکس کے فائنل میں رسائی بھی انکی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ پوری قوم کی طرح ہماری بھی دعائیں ارشد ندیم کیساتھ ہیں۔ سرسید یونیورسٹی کو پوری امید ہے کہ وہ پاکستان کیلئے جیویلین تھرو میں ضرور میڈل حاصل کرینگے، رجسٹرارسید سرفراز علی نے کہا کہ اولمپکس کے بعد سرسید یونیورسٹی میں ارشد ندیم کیلئے تقریب پذیرائی منعقد کی جائیگی اس تقریب میں انہیں پورے اعزاز کیساتھ گولڈ میڈل اور نقد انعام دیا جائیگا۔