ابوظبی کے ولی عہد کی انقرہ آمد، ترکی میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر کے فنڈ کا اعلان

انقرہ: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے رہنما اور ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ترک صدر نے صدارتی محل میں شیخ محمد بن زاید کا استقبال کیا، جس کی دعوت انہیں ترک صدر نے دی تھی۔

اس موقع پر ابوظبی کے امیر کو گارڈ آف انر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان متعدد معاہدے ہوئے ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ترکی کے سینٹرل بینک اور امارات کے مرکزی بینک نے ایک مفاہمتی یاد داشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امارات نے ترکی میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 10 ارب ڈالر کے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مذکورہ فنڈ اسٹریٹجک سرمایہ کاری منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں، جن میں لاجسٹک، توانائی، صحت اور خوراک شامل ہیں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔

ابو ظبی امیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا جا رہا ہے — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر اکاؤنٹ

علاوہ ازیں ابو طبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے ترک صدر سے ملاقات میں مذاکرات، اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر زور دیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور بین الاقوامی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں ابو ظبی کے ولی عہد نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ میری ترک صدر سے ملاقات ہوئی ہے اور ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقہ کار پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نتیجہ خیز بات چیت کی ہے۔

دوسری جانب ترک وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے مذاکرات کامیاب رہے اور ترک صدر دسمبر میں ابو ظبی کے دورہ کریں گے۔

قبل ازیں دونوں رہنماؤں نے اگست میں ایک فون کال پر مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا تھا، انہوں نے اس بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات استوار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں