وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، محفوظ، خوشحال اور مستحکم ایشیاء پیسیفک کیلئے آسیان ریجنل فورمز کے اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حمایتی ہے، ہمیں ان اسپائلرز پر نظر رکھنا ہوگی جو افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ بھی ضروری ہے کہ عالمی برادری ماضی کی غلطیوں کو نہ دہراتے ہوئے، کشیدگی کے خاتمے کے بعد افغانستان کی تعمیر نو اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔