کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج تھر کول پاور پراجیکٹ کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی آڈٹ کی منظوری دے دی ہے۔
امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ تھر کول پاور پراجیکٹ اور بالخصوص تھر کول بلاک 1 ۔ میں ہیلتھ اور سیفٹی کے حوالے سے کچھ واقعات کی روشنی میں سندھ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے تقاضوں کا جدید ترین طرز پر انتظام یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں تھر کول بلاک-1 ، بلاک-2 اور پراجیکٹ کے دیگر تمام بلاکس میں کام کرنے والی کمپنیوں کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی انتظامات کو ISO سرٹیفائیڈ فرم سے سروے کرانے کے بعد توثیق حاصل کی جائے۔
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ محکمہ توانائی کے افسران کے ساتھ اجلاس کے دوران بتائی۔ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ کے اس فیصلے سے تھر کول پاور پراجیکٹ جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے گا اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی سروے کے دوران جہاں کسی کمی یا کمزوری کی نشاندھی کی جائے گی ان کمزوریوں کو دور کیا جاسکے گا۔
امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت تھر کول پاور پراجیکٹ کو ایک بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق جدید ترین پاور پراجیکٹ کی حیثیت سے نمایاں رکھنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں برداشت نہیں کی جائے گی۔