صدر مملکت نے پاکستان کی پہلی نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی پہلی نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کا افتتاح کردیا۔

ترجمان ایئر فورس کے جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سائبر وارفیئر اینڈ سیکیورٹی-2021 (ICCWS 2021) پر بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، ایئر مارشل (ر) جاوید احمد، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی اور ایئر وائس مارشل عباس گھمن، ڈائریکٹر جنرل (C4i PAF) کے ساتھ ساتھ سول عسکری اور غیر ملکی معززین نے بھی شرکت کی۔

ترجمان ایئر فورس کے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سائبر سیکیورٹی کے مسئلے کو ایک عالمی خطرہ قرار دیا جس کے قومی سلامتی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے تعلیم اور صنعت کے باہمی تعاون کو سراہا جس کے تحت پاک فضائیہ نے ایئر یونیورسٹی اور ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مل کر ملک کی پہلی سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔

تقریب کو ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سائبر سیکیورٹی میں بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کے سلسلے میں سربراہ پاک فضائیہ کے وژن نے نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی۔2021 کے تحت سائبر سیکیورٹی کے مقاصد کے حصول میں پاک فضائیہ کے کردار کی وضاحت کی ہے۔

پاک فضائیہ نے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں افرادی قوت کی مہارت اور ریسرچ و ڈویلپمنٹ کی مزید تقویت کے لیے تعلیمی شعبوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔

اس کے علاوہ ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے اداروں کے تعاون اور صنعت و تعلیم کے موثر روابط کے ذریعے پاک فضائیہ ایک انتہائی موثر اور ذمہ دار سائبر فورس کی صورت میں ابھر کر سامنے آئے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل عباس گھمن، ڈائریکٹر جنرل (C4i PAF) نے سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام اور ICCWS کے ساتھ سائبر سیکیورٹی انڈسٹری کی نمائش کے کامیاب انعقاد پر پاک فضائیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

ائیر وائس مارشل عباس نے پاک فضائیہ کی اپنی سائبر کمانڈ قائم کرنے کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی، جسے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کے ماتحت سائبر ٹیکنالوجی پارک اور سائبر سینٹر آف ایکسیلینس کا تعاون حاصل ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل (ریٹائرڈ) جاوید احمد، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام کا مقصد سائبر سیکیورٹی سے متعلقہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومتی، صنعتی، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کو تربیت یافتہ سائبر ماہرین کی فراہمی ہے۔

سائبر اکیڈمی کے افتتاح کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ سائبر سیکیورٹی انڈسٹری کی نمائش کا دورہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے صدر پاکستان کو مقامی اور غیر ملکی ٹیکنالوجی ماہرین کے اشتراک سے پاک فضائیہ کی جانب سے جاری مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں