وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنا استعفی وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا ہے۔اس ضمن میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر پنجاب حکومت کے ساتھ اس عہدے پر کام نہیں کر سکتی۔
اس سے پہلے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انہیں وفاق میں ذمہ داری سونپنا چاہتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خواہش ہے کہ میں پنجاب حکومت کیلئے خدمات انجام دیتی رہوں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عثمان بزدار نے آج ملاقات میں مجھے وزیراعظم کی خواہش کے متعلق بتایا، میں قیادت کی جانب سے فیصلے کی منتظر ہوں جو بھی فیصلہ ہوگا میں اس پر عملدرآمد کرنے کیلئے تیار ہوں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی عون چودھری نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہیں بلا کر کہا گیا کہ جہانگیر ترین کوچھوڑو یا عہدہ۔ اس پر گروپ سے علیحدگی کے بجائے استعفے کو ترجیح دی۔