بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے رہنما اور نامور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو بڑا بھائی کہنے پر سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے وزیر گوتم گمبھیر اُن پر برس پڑے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں گوتم گمبھیر نے نوجوت سنگھ سدھو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’ اپنے بیٹے یا بیٹی کو بارڈر پر بھیجیں اور پھر اُس ریاست کے سربراہ (عمران خان) کو اپنا بڑا بھائی کہیں۔‘
Send ur son or daughter to the border & then call a terrorist state head ur big brother! #Disgusting #Spineless
— Gautam Gambhir (Modi Ka Parivar) (@GautamGambhir) November 20, 2021
گوتم گمبھیر نے نوجوت سنگھ سدھو کے بیان کو ’ناگوار‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور راہداری سے پاکستان میں گردوارا دربار صاحب پہنچے جہاں سرحد پر ان کا استقبال کیا گیا۔
اس دوران پاکستانی حکام کی جانب سے انہیں گرم جوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
اس حوالے سے زیرگردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سدھو پاکستانی حکام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے توسط سے اس شاندار استقبال پر بات کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کو بڑا بھائی کہہ رہے ہیں۔
نوجوت سنگھ سدھو کے اس بیان کی وجہ سے بھارت میں اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔