پاکستان آن لائن)سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کی پرسنل لائسنسنگ امتحان کیلئےگائیڈلائنز اورہدایات نامہ جاری کردیاگیا،سول ایوی ایشن کی جانب سے پائلٹس، فلائٹ انجینئرز، فلائٹ اٹینڈنٹ، ایئر کرافٹ انجینئرز، ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔
ایوی ایشن کی جانب سے جاری گائیڈ لائن کا مقصد امیدواروں کو ضروری ہدایات اور رہنما خطوط سے استوار کرنا ہے، خواہش مند افراد کو ان ہدایات اور قواعد کو بغور پڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی اے اے کے مطابق امتحانی نظام کو بہتر اور سخت کرنا ضروری ہے،اس کیلئے ضروری عمل اور طریقہ کار کا احاطہ کیا گیا ہے، کیبن کیریو اور دیگر تکنیکی امتحانات کیلئے اہل امیدواروں کی ضروریات اور توقعات پورا اترنا ضروری ہے۔
سول ایوی ایشن کےمطابق پرسنل لائسنس کےاجرا، توثیق اورتجدید کیلئےتکنیکی امتحانات روزانہ کی بنیادپرہوںگے،خواہش مند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سول ایوی ایشن کی ویب سائٹ پر دستیاب فارم مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرائیں، جسکےبعد انہیں امتحان میں شرکت کے لیے باقاعدہ ایڈمٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔.
امیدواروں کیلئے ضروری ہےکہ وہ مطلوبہ لائسنس، سرٹیفکیٹ اور درجہ بندی کیلئے اہلیت کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوں، امتحانات کمپیوٹر پر مبنی نظام پر ہوں گے جو پرسنل لائسنسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امیدواروں کو امتحان کی تاریخ سے ایک دن پہلے اپنے امتحانات کے شیڈول کی تصدیق لازمی کرانا ہوگی، رجسٹریشن کی تصدیق کے بعد امیدوار کو مقررہ وقت پر امتحان میں حاضر ہونا ہوگا، ایک بار تصدیق ہونے پر سیٹ کی دستیابی کو امتحان کے شیڈول سے کم از کم 24 گھنٹے قبل امیدوار کی درخواست پر منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق امتحان میں حاضر نہ ہونے امیدوار کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا اور جمع کرائی گئی فیس اگلے امتحان میں ایڈجسٹ نہیں کی جائے گی۔