پنجاب کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں دو اہم شخصیات سے استعفے طلب کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور عون چودھری سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے، اور یہ استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں سے استعفیٰ کارکردگی کی بنیاد پر لیا گیا یا سیاسی مصروفیات وجہ بنیں ابھی کچھ سامنے نہیں آیا۔
فردوس عاشق اعوان وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات بھی رہ چکی ہیں اور انہیں وہاں سے ہٹایا گیا تھا بعد میں انہیں پنجاب میں معاون خصوصی بنایا گیا تاہم اب ان سے پھر استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔
عون چودھری بھی وزیراعظم کے قریبی دوست ہیں، انہیں مشیر وزیراعلی پنجاب کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا ، عون چودھری عمران خان کے سابق پولیٹکل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ عون چودھری کو ستمبر 2018 میں مشیر بنایا گیا تھا اور ایک سال بعد ستمبر 2019 میں عہدے سے ہٹایا گیا تھا تاہم ایک سال بعد ان کو پھر معاون خصوصی بنا دیا گیا تھا اور اب پھر ان سے استعفیٰ طلب کرلیا گیا ہے۔