’ہمیں تم پر فخرہے’: صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کا قومی ٹیم کو خراج تحسین

آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے ٹی ٹونٹی سیمی فائنل میں شکست دیدی۔ اعصاب شکن میچ ہارنے کے باوجود ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، صدر ، وزیراعظم عمران خان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سمیت ہر کوئی گرین شرٹس کو خراج تحسین پیش کرنے لگا۔

دبئی میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے محمد رضوان اور فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 176 رنز بنائے تھے، کینگروز نے یہ ہدف 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر، میتھیو ویڈ اور مارکس سٹوئنس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں اعصاب شکن میچ ہارنے کے باوجود ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور ہر کوئی گرین شرٹس کو خراج تحسین پیش کرنے لگا۔ اسی دوران کچھ شائقین نے حسن علی پر طنزیہ وار بھی کیے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بابر اعظم کے بارے میں کہا کہ بخوبی جانتا ہوں آپ سب اس وقت کیسا محسوس کر رہے ہیں کیونکہ مجھے کرکٹ کے میدان میں بھی ایسی ہی مایوسیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن گرین شرٹس نے اپنی کرکٹ کے معیار اور جیت میں جس عاجزی کا مظاہرہ کیا اس پر فخر ہوگا۔

آخر میں انہوں نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے پر مبارکباد دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹر پر لکھا کہ میچ میں جیت پر آسٹریلوی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، قومی ٹیم اچھا کھیلی لیکن پھر بھی میچ ہار گئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر لکھا کہ ڈئیر ٹیم پاکستان، آپ پورے ٹورنامنٹ میں ستاروں کی طرح چمکتے رہے، ایک ایسی قوم کے لیے خوشی اور مسرت لائے جو اس کے لیے بے حد ترس رہی تھی، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے، آپ نے اسے اپنا بہترین دیا اور ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں