متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں برقی قمقموں سے جگمگاتا ایڈن گارڈنر کرکٹ گراونڈ دلکش منظر پیش کر رہا تھا۔ پاکستانی فلموں اور ٹی وی کے سُپر اسٹارز کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کو دیکھنے کے لیے یو اے ای کی مختلف ریاستوں سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد آئی تھی۔
مقامی آرگنائزرز کے ساتھ اس رنگا رنگ میلے کا انعقاد مشہور امریکن پاکستانی آرٹ پروموٹر اظہر قاسمی نے کیا۔ فنکار الیون کی کپتانی مایہ ناز اداکار فیصل قریشی کر رہے تھے جبکہ ٹیم میں کپتان فیصل قریشی کے علاوہ نائب کپتان فلم اسٹار سعود، جان ریمبو، نعمان حبیب، جنید خان، محسن عباس، رضوان جعفری، سلمان سعید، نعیم حق اور کاشف خان شامل تھے۔
فنکاروں کا گروہ گراؤنڈ میں اترا تو ہر طرف سے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے شروع ہو گئے۔ میچ پاکستانی فنکاروں کی ٹیم نے بآسانی جیت لیا اور مین آف دی میچ سعود قرار پائے۔ انہوں نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے بغیر آؤٹ ہوئے 56رنز بناے۔
کاشف خان کی پُر مزاح کمینٹری نے بھی سماں باندھے رکھا۔ آرگنائزر اظہر قاسمی کا کہنا تھا کہ وہ اس ایونٹ کے لیے خاص طور پر امریکہ سے آئے ہیں اور اس کا مقصد پاک یو اے ای ثقافتی رشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا ہے۔
وننگ ٹرافی لینے کے لیے کپتان فیصل قریشی اسٹیج پر آئے تو خوب تالیاں بجیں۔ ویرات کوہلی جیسے ہیئر اسٹائل میں فیصل بہت دلکش لگ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل کپتان سعود تھے مگر عین وقت پر یہ بھاری ذمہ داری انہوں نے میرے کندھوں پر ڈال دی۔
میچ کے دوران میلے کا سا سماں رہا۔ شائقین کی جتنی دلچسپی فنکاروں کو کھیلتے ہوئے دیکھنے میں تھی اتنی ہی تن دہی سے وہ اپنے پسندیدہ اسٹارز کے آٹوگراف لینے میں بھی سرگرداں تھے۔
مشہور بین الاقوامی سنگر علی قلی مرزا کی لائیو پرفارمنس نے بھی اس میلے کی رونقوں کو چار چاند لگائے۔ آخر میں کھلاڑیوں کے روپ میں فنکاروں کی پذیرائی کے لیے مختلف اسپانسرز کی جانب سے انہیں بھاری بھرکم تحائف بھی پیش کئے گئے۔ خاص طور پر قیمتی اسکوٹر ز کا تحفہ پا کر فنکاروں کی خوشی دیدنی تھی.