ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کون سی ٹیم سے ہوسکتا ہے؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی جنگ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی جبکہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی۔

پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 4 میچز جیت کر ٹاپ پر ہے جبکہ اس کا اگلا مقابلہ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہے لیکن اس میچ کا پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن پرکوئی فرق نہیں پڑے گا۔

پاکستان گروپ 2 میں پہلے نمبر پر رہنے کی وجہ سے 11 نومبر کو دبئی میں سیمی فائنل کھیلے گا۔ تاہم سوال یہ ہے کہ پاکستان کا سیمی فائنل میں کس ٹیم سے مقابلہ ہوسکتا ہے؟

زیادہ امکان اس بات ہے کہ پاکستان سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے مدمقابل آئے گا۔

گروپ 1 کی موجودہ صورتحال 

گروپ 1 میں انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا  اور جنوبی افریقہ 6،6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ تینوں ٹیموں کا اب ایک ایک میچ باقی ہے۔

اگر پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال سپر 12 مرحلے کے آخر تک برقرار رہی یعنی انگلینڈ پہلے، آسٹریلیا دوسرے اورجنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر رہا تو سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ دوسرے نمبر والی ٹیم یعنی آسٹریلیا سے ہی ہوگا۔

انگلینڈ

گروپ 1 میں انگلینڈ مسلسل 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ اس کا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف  6 نومبر کو ہے اگر انگلش ٹیم وہ بہت برے طریقے سے نہ ہاری تو نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ پر ہی رہے گی۔

اس کا مطلب ہے کہ ممکنہ طور پر پاکستان کا سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ نہیں ہوسکتا۔

آسٹریلیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 1 کے میچ میں آج آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

 آسٹریلیا نے جارحانہ بیٹنگ کی اور محض ساتویں اوور کی دوسری گیند پر ٹارگٹ پورا کرکے نہ صرف اپنا رن ریٹ بہتر کیا بلکہ گروپ میں دوسری پوزیشن پر بھی قبضہ کر لیا۔

آسٹریلیا نے اپنا آخری میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 نومبر کو کھیلنا ہے ۔

اگر آسٹریلیا اس میچ میں کامیابی حاصل کرلیتا ہے تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں  دوسری پوزیشن پر ہی رہ سکتا ہے  اور سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوسکتا ہے البتہ ہار کی صورت میں اسے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ میں جنوبی افریقہ کی ہار کا انتظار کرنا پڑے گا اور سیی فائنل کا فیصلہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ نے اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔

 گروپ 1 میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کو انگلینڈ کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہوگی۔

اگر جنوبی افریقہ انگلینڈ کو ہراتا ہے اور آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا میچ جیت جاتا ہے تو انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا تینوں ٹیموں کے 8،8 پوائنٹس ہوجائیں گے جس کے بعد بہترین نیٹ رین ریٹ کی بنیاد پر کوئی ایک ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔

اس کے علاوہ اگر  آسٹریلیا اور جنوبی افریقا اپنے آخری میچ ہار جاتے ہیں تو دونوں ٹیموں کے 6،6 پوائنٹس ہوں گے  البتہ آسٹریلیا بہترین نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور اس کا مقابلہ 11 نومبر کو پاکستان سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں