ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹاس جیتنے کے بعد کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ تمام لڑکے پراعتماد ہیں، جیت کا تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
بابراعظم نے کہا کہ رات کے وقت اوس پڑسکتی ہے،اس لیے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،آج کے میچ میں گزشتہ میچ جیسی کارکردگی دہرائیں گے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ فاسٹ باولر لوکی فرگوسن انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر میچ شروع ہونےسے کچھ دیر قبل دورہ پاکستان چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی۔
جس کے بعد پاکستان میں شائقین کرکٹ نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں نے بھی نیوزی لینڈ کے اقدام پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ دنیا بھر میں کرکٹ شائقین نے نیوزی لینڈ کے اقدام کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔
پاکستانی شائقین کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج ہونے والے پاک نیوزی لینڈ میچ کو اس تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔ اور گرین شرٹس سے امید کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں ہونے والے کرکٹ کے نقصان کا بدلہ ضرور لیں گے۔