وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی پاک بھارت میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لئے جیت کی دعائیں اور نیک تمنائیں ہیں جبکہ ہمارا اصل فائنل میچ تو آج ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک بھارت بڑے ٹاکرے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں، جوش، ولولہ اور جذبہ سب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے، اپنے روایتی حریف کے خلاف آج کرکٹ میچ ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو کامیابی دے جبکہ ہمارا اصل فائنل میچ تو آج ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سے جس طرح کا سلوک ہورہا ہے،پاکستانیوں کا جیت کا جزبہ اور بھی بڑھ گیا ہے، آج پاکستان کا جیت کے لئے ولولہ اور جوش اور طرح کا ہے۔
شیخ رشید نے اپنے فیورٹ کھلاڑی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بابراعظم کا نام لے گا تو کوئی دوسرے کھلاڑی کا مگر یہی کہوں گا کہ ساری پاکستانی قوم کرکٹ ٹیم کے پیچھے کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی 20ورلڈ کپ کا بڑا مقابلہ آج ہونے جارہا ہے جس کے لئے دونوں ٹٰیموں کے مابین کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔