پاکستان کے معروف گلوکار علی عظمت نے ملکہ ترنم نور جہاں کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان سے متعلق وضاحت کردی۔
علی عظمت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے ایک مہم چلائی جارہی ہے جس میں علی عظمت اور نورجہاں کا مقابلہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے بھی یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے پوری نہیں کی بلکہ ایڈیٹ کر کے کی ہے۔
گلوکار نے کہا کہ احمد علی بٹ اور حنا درانی میری فیملی ہیں میں ان سے بہت پیار کرتا ہوں اور ان کی عزت بھی کرتا ہوں، نہ صرف یہ بلکہ ان سے زیادہ میں میڈم نور جہاں سے پیار کرتا ہوں۔
علی عظمت نے کہا کہ نور جہاں کے حوالے سے میں نے جو بات کی وہ بات بالکل سچ ہے، میں نے اپنے بچپن کے بارے میں بات کی ہے اس زمانے میں صرف پی ٹی وی چلتا تھا اور اس وقت نور جہاں کی پریزنٹیشن اچھی نہیں تھی، اس حوالے سے میں نے اپنی رائے دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میوزک ہمارے ہاں جتنا بھی آیا ہے وہ مغربی کلچر کا حصہ ہے مگر پی ٹی وی پر نور جہاں کو جیسے دکھایا جاتا وہ بالکل اچھا نہیں لگتا تھا۔
گلوکار نے کہا کہ بعد میں جب ہم بڑے ہوئے تو ہمیں نورجہاں سے زیادہ پسند ہی کوئی نہیں تھا، اس حوالے سے مختلف فنکار بھی گواہی دیں گے کہ ہم نور جہاں اور ان کی گائیکی کو بہت پسند کرتے تھے۔
واضح رہے کہ علی عظمت نے ایک شو میں ملکۂ ترنم کی ظاہری شکل کے بارے میں نازیبا ریمارکس دیے تھے۔
انہوں نے پاکستان میوزک انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچپن میں نورجہاں ساڑھی کے ساتھ بڑے بڑے جھمکے اور بُندے پہن کر اور اضافی میک اپ کرکے گانے گاتی تھیں اس وقت ہمیں ان سے چِڑ ہوتی تھی۔
علی عظمت کا کہنا تھا کہ نور جہاں اس وقت بڑھاپے میں تھیں اور ہم سمجھتے تھے کہ انہیں دیکھنا ہمارے لئے ضروری نہیں ہے۔