بنگلادیش: روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملہ، 7 افراد ہلاک

بنگلادیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلادیش میں جمعہ کے روز مسلح شخص نے روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ واقعے میں متعدد مہاجرین زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کےمطابق واقعہ بنگلادیش اور میانمار کی سرحد پر پیش آیا جہاں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ موجود ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ حملہ آور ایک سے زائد تھے جنہوں نے کچھ افراد پر فائرنگ کے ساتھ چاقو سے بھی حملہ کیا۔

خبرایجنسی کا بتانا ہےکہ اس سے قبل بھی جمعہ کے روز اسی جگہ روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے کے بعد فوری طور پر ایک حملہ آور کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور چاقو بھی برآمد ہوا تھا۔

تین ہفتے قبل روہنگیا مہاجرین کے ایک رہنما کو ان کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے قتل بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ بنگلادیش اور میانمار کی سرحد پر قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں تقریباً 9 لاکھ مہاجرین موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں