پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیضان شیخ نے گلوکار علی عظمت کو ملکۂ ترنم میڈم نور جہاں سے متعلق بیان دینے پر کھری کھری سُنادی۔
فیضان شیخ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کی گئی اسٹوری میں کہا کہ ’علی عظمت نے اپنے بیان سے ثابت کردیا ہے کہ تعلیم سے کچھ نہیں ہوتا ہے، جب تک انسان میں تربیت نہ ہو۔‘
اداکار نے علی عظمت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اپنے سے بڑوں کا ادب کرنا سیکھیں، ورنہ کل آپ بھی یہی کہہ رہے ہوں گے کہ نوجوان نسل ہمارا احترام نہیں کرتی۔‘
واضح رہے کہ علی عظمت نے ایک ٹاک شو کے دوران برسوں سے تبدیل ہوتی پاکستان میوزک انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے بچپن میں نورجہاں ساڑھی کے ساتھ بڑے بڑے جھمکے اور بُندے پہن کر اور اضافی میک اپ کرکے گانے گاتی تھیں، اس وقت ہمیں ان سے چِڑ ہوتی تھی۔
علی عظمت نے کہا تھا کہ نور جہاں اس وقت بڑھاپے میں تھیں اور ہم سمجھتے تھے کہ انہیں دیکھنا ہمارے لیے ضروری نہیں ہے۔
خیال رہے کہ علی عظمت کے اس بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز ستارے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔