گرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے، انہوں نے پاکستان میں اپنے 3 سالہ دور میں ستمبر 2018ء سے جون 2020ء تک قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا، اس کے بعد انہوں نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ سنبھالا۔
گرانٹ بریڈ برن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں کام کے دوران مختلف چیلنجز سے نمٹنے پر انہیں فخر ہے، وہ بھرپور تجربے اور مواقع فراہم کرنے پر پی سی بی کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک غیر ملکی کی حیثیت سے پی سی بی کے موجودہ اور سابقہ ملازمین، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے میرے ساتھ بہت تعاون کیا اور میں نے ہمیشہ یہاں خود کو محفوظ تصور کیا۔
گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ اس دوران میری اہلیہ اور 3 بچوں نے بھی بہت قربانیاں دیں، کوویڈ 19 کے دوران ان کے لیے پاکستان کا سفر کرنا مشکل ہوگیا تھا لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ اب ان کے لیے اپنی فیملی کو ترجیح دینے اور کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ گرانٹ بریڈ برن نے مکمل دل جمعی کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی خدمت کی اور اس دوران انہوں نے بھرپور قوت کے ساتھ مختلف آئیڈیاز پیش کیئے۔
ندیم خان نے کہاکہ وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی تعمیرِ نو میں اہم کردار ادا کرنے سمیت پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر گرانٹ بریڈ برن کے معترف ہیں۔