تائیوان میں 13 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تائیوان میں 13 منزلہ رہائشی عمارت میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا، واقعہ کے بعد آگ بجھانے اور عمارت میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں 55 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 14 افراد کی لاشیں بھی عمارت سے نکالی گئیں۔
حکام کے مطابق فائر فائٹرز کی جانب سے ابھی بھی عمارت میں سرچ آپریشن جاری ہے جب کہ آگ اس قدر شدید تھی کہ عمارت کے متعدد فلورز مکمل طور پر تباہ ہوگئے، آگ لگنے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی جب کہ عینی شاہدین کے مطابق رات میں عمارت سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔