پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان رواں برس ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی سب سے کامیاب ترین جوڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 56.61 کی اوسط کیساتھ 736 رنز بنائے۔
ٹی 20 کرکٹ میں بابراعظم کے بعد اگر کسی پاکستانی بلے باز پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے، تو وہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہیں جنہوں نے بہت کم عرصے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ دونوں کی جوڑی بھی خوب کارنامے سرانجام دے رہی ہے جو رواں برس کی کامیاب ترین جوڑی بن گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی دونوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔
بابراعظم اور محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 56.61 کی اوسط کیساتھ 736 رنز بنائے ہیں جبکہ بطور اوپننگ جوڑی دونوں 52.1 رنز فی اننگز کے حساب سے سکور بنا چکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بھارت کے شیکھر دھون اور پارتھیو شاہ ہیں جو 47.46 کی اوسط کیساتھ 712 رنز جوڑنے میں کامیاب رہے۔
بابراعظم اور محمد رضوان کی ٹی 20 کرکٹ میں انفرادی کارکردگی بھی بہترین ہے اور دونوں بالخصوص بابراعظم کئی اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔ بابراعظم نے تیز ترین 2000 ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز حاصل اپنے نام کرتے ہوئے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا جبکہ وہ 56 اننگز میں سے 21 اننگز میں نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔