مقبوضہ وادی کشمیر میں ایک حملے کے باعث ایک افسر سمیت پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ وادی چنار کے ضلع پونچھ میں سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ حسب معمول سرن کوٹ کے علاقے میں گھر گھر تلاشی لے رہی تھی۔ اس دوران پورے علاقے کا محاصرہ تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج پر ہونے والے حملے میں ایک جونیئر کمیشند آفیسر سمیت پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہو ئے ہیں۔
علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج پر کیے جانے والے حملے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ بھارتی فوج نے تاحال علاقے کا محاصرہ کررکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند کا کہنا ہے کہ علاقے میں فوج اور پولیس کی مزید کمک بھیجی گئی ہے جب کہ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔