اسلام آباد:لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہورہا ہے ۔سندھ حکومت کے لیے پیغام ہے کہ لاک ڈاؤن کریں گے تو لوگ بھوکے مریں گے، ہمیں کسی صورت لاک ڈاؤن کرکے اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرنا کیونکہ ملکی معیشت مشکل مرحلے سے نکل چکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام کے ٹیلی فونک سوالات کے براہ راست جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن لگایا گیا، غریب عوام کا نہیں سوچا گیا ، بھارتی حکومت نے صرف پیسے والے طبقے کا مفاد سامنے رکھا، آج ہماری اور بھارت کی معیشت کا فرق دیکھ لیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر آئی ہوئی ہے، ڈیلٹا ویرینٹ نہایت خطرناک ہے، دنیا میں بھارتی ویرینٹ کے باعث صورت حال خطرناک ہو رہی ہے۔ کورونا سے نمٹنے کے بہترین اقدامات میں پاکستان تین ملکوں میں ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش تھی لاک ڈاؤن کردیں جبکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ بالکل درست ہے، ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں غریب طبقہ کیسے گزارا کرے گا لیکن جب ان سوالات کا جواب نہ ہو تو کبھی لاک ڈاؤن نہ کریں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ کورونا سے مکمل تحفظ کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے۔ شادی کی تقریب اور ریسٹورنٹس میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ ملک بھر میں ابھی تک تین کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ، حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے کہ ویکسین کی کمی نہ ہو۔ انہوں نے اسکولوں کی بندش کے حوالے سے کہا کہ جب تک بچوں اور اساتذہ کی ویکسی نیشن نہیں ہوتی اسکولوں کو نہ کھولا جائے ۔