کراچی: شہر قائد میں بھی ڈینگی وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
یہ ہدایت کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی جانب سے محکمہ صحت، ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر متعلقہ محکموں کو لکھے گئے خط میں کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ڈینگی سے بچاؤ کے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کریں۔ اس حوالے سے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت اور بلدیہ عظمیٰ دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سےمربوط اقدامات اٹھائے۔
کمشنر کراچی نے واضح طور پر لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ٹائر شاپس، تعمیراتی مقامات ، سوئمنگ پولز، نرسریز اور دیگر ڈینگی مچھر کے بریڈنگ مقامات پر خصوصی طور پہ اسپرے بھی کیا جائے۔
کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے فوری طورپر شہر میں اسپرے مہم شروع کرنے اور مچھر پیدا کرنے کے اسباب دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ مون سون سیزن کے بعد پانی جمع ہونے کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے۔ انہی مچھروں میں سے ایک خاص نسل کے پیدا شدہ مچھر کے کاٹنے سے دینگی بخار پھیلتا ہے جو بروقت تشخیص نہ ہونے اور علاج میں تاخیر کی وجہ سے جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔