پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو دوبارہ عظیم بنانے کا راستہ ڈومیسٹک کرکٹ سے ہو کر ہی گزرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے اتوار کو نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
اس دوران چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نوجوان کھلاڑیوں کو چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے اپنے ویژن سے متعلق آگاہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کو تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ یہ انتظامیہ ان کا مکمل خیال رکھے گی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے کا سفر یہیں سے شروع ہوگا، لہٰذا ان کا یکجان ہونا ضروری ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر میرٹ کی بالادستی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ہر قسم کی سہولیات اور مواقع فراہم کریں گے۔