وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے سے متعلق اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سندھ حکومت کو واضح پیغام دیا ہے کہ انفرادی فیصلے نہیں کیے جاسکتے، این سی او سی کی ہدایت کے بغیر اقدامات نہیں کرنا چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد ہوتا تو کراچی میں صورتحال اتنی تشویشناک نہ ہوتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیراعظم کی پالیسی بالکل واضح ہے، سپریم کورٹ بھی کہا ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ہر ایسے اقدام کے خلاف ہوں گے جس سےعام آدمی کی معیشت متاثرہو۔ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کریں گے جس سے ملکی معیشت متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
ان کا کہنا تھاکہ این سی او سی اور سندھ حکومت ایسا لائحہ عمل مرتب کریں کہ عام آدمی کا روزگار اور کاروبارکم سےکم متاثرہو۔