امارت اسلامی نے آپریشن کرکے شدت پسند تنظیم داعش خراساں کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 داعش جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے کابل کے شمال میں پولیس ڈسٹرکٹ 17خیر خانہ میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں داعش کے خفیہ ٹھکانے کو ختم کرتے ہوئے 3 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔
افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ طالبان ذرائع نے داعش جنگجوؤں کے ٹھکانے کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ کارروائی افغانستان کے دار الحکومت کابل میں گزشتہ روز عید گاہ مسجد کے دروازے پر کیے جانے والے خود کش بم دھماکے کچھ گھنٹوں بعد دیکھنے میں آئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید گاہ مسجد کے دروازے پر بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
الجزیرہ کے مطابق کابل میں مسجد کے داخلی دروازے پر دھماکا اس وقت ہوا جب طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی جاری تھی۔
رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر پی ڈی 17 آپریشن دھماکا کے مشتبہ افراد کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تاہم اس حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آسکی ہے۔