نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ویکسی نیشن کے اہداف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں تمام محکموں اور سیکٹرز کو مختلف تاریخیں دے دی گئی ہیں۔
تمام سیکٹرز کو اپنی تفویض کردہ تاریخوں کے مطابق مکمل ویکس نیشن یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
پنجاب کے سیکرٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ مقرر کردہ آخری تاریخ کے بعد بغیر ویکسی نیشن کسی فرد کو کوئی سہولت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم سے منسلک افراد 30 ستمبر تک مکمل ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔ کاروباری مراکز میں داخلے، ہوٹلز اور ریسٹ ہاوسز میں بکنگ کے لئے مکمل ویکسی نیشن ضروری ہو گی۔
بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے والے افراد بھی30 ستمبر تک ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔ ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں داخلے کے لئے 30 ستمبرتک کی تاریخ مقرر ہے۔ تمام نجی اور سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے افراد کے لئے 15 اکتوبر تک ویکسی نیشن لازم قرار دی گئی ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ٹرین اور موٹروے پر سفر کے لئے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسینیشن لگوانا ضروری ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو، بی آرٹی ، اورینج ٹرین میں سفر کے لئے 31 اکتوبر تک ویکسی نیشن لازمی لگوانی ہوگی۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں اور ٹرمینلز پرموجود ملازمین کے لئے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسینیشن ضروری ہے۔ 18 سال سے کم عمر کے افراد کے لئے30 نومبرتک ویکسی نیشن مکمل کروانے کی شرط عائد ہے