بھارتی گلوکارہ دھوانی بھنوشالی نے اپنے گانے ’’مہندی‘‘ میں معروف پاکستانی پاپ گلوکار عالمگیر کے مقبول گانے ’’ گاگر‘‘ کی دھن نقل کر لی جس پر سوشل میڈیا پیچھے پڑ گیا۔
دھوانی بھنوشالی کا 21 ستمبر کو گانا مہندی ریلیز کیا گیا جبکہ عالمگیر کا مقبول ترین گانا گاگر 90 کی دہائی میں ریلیز کیا گیا تھا۔
بھارتی گلوکارہ کے گانے کو اب تک کروڑوں لوگ یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں، گانے کے بول اور زبان بالکل مختلف ہے مگر دھن مکمل طور پر گاگر سے ملتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی گلوکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ گانے کو نقل قرار دے رہے ہیں۔
پاکستانی گلوکار عمیر جیسوال نے بھی یہی گیت گاگر گایا تھا اور مداحوں سے خوب داد پائی تھی،عمیر جسوال نے بھی انسٹا گرام پر گانا چوری ہونے کی خبر دی ہے۔
عمیر جسوال نے گانے کا پوسٹر شیئر کیا، ساتھی فنکاروں کو ٹیگ کیا اورلکھا کہ ’چلیں یہ بھی ٹھیک ہے‘ اور ساتھ ہی گلوکارہ کو ٹیگ کرتے ہوئے سوالیہ نشان بھی بنائے۔